Friday, October 14, 2011

دو چھٹیوں کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے،ڈیفنس کلفٹن ریئل اسٹیٹ ایجنٹس

ڈیفنس اینڈ کلفٹن ایسوسی ایشن آف ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کے صدر سید شاہد علیم نے ہفتہ وار دو چھٹیوں کے نوٹیفکیشن کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے تمام تاجر برادری اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفنس اور کلفٹن کے اسٹیٹ ایجنٹس تاجر برادری کیساتھ انکے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ دو چھٹیوں کے نوٹیفکیشن کو فوری طور پر کالعدم اور منسوخ کیا جائے۔

اشہر جمیل نکاٹی کے وائس چیئرمین منتخب

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کے اعلانیہ کے مطابق اشہر جمیل بلا مقابلہ نکاٹی کے وائس چیئرمین منتخب قرار پائے۔ نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ نور احمد خان اور نو منتخب چیئرمین عبدالرشید فوڈر والا نے اشہر جمیل کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ واپس لیا جائے، محمد دین

ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے صدرمحمد دین و نائب صدر محمد رفیق ڈوسانی اور دیگر اراکینِ مجلسِ انتظامیہ نے حکومت کی جانب سے بجلی کی سبسڈی ختم کرنے اور اُس کی قیمت بڑھانے کی تجویز ، بجلی کی بچت کے بہانے ہفتے میں دو چھٹیاں کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ وزارتوں و اداروں پر زور دیاہے کہ وہ بجلی، کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کا فیصلہ واپس لیں، بصورت دیگر یہ ایک منی بجٹ کے مترادف ہوگا جس سے عام آدمی پر پہلے سے زیادہ معاشی بوجھ بڑھے گا،

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ کے الیکشن، حکم امتناع ختم

ڈی ٹی او نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ سرکل کے الیکشن پر جاری کردہ حکم امتناع ختم کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن الیکشن ٹیکنیکلی مکمل ہوچکے ہیں۔ ڈپٹی ڈائر یکٹر عمر احسان کی جانب سے12 اکتوبر کو جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ 6 اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے دوران ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سے ضروری کاغذات طلب کئے گئے تھے۔ابرار احمد صدیقی کی شکایت اور دیگر کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد یہ صورتحال سامنے آئی کہ الیکشن ٹیکنیکلی مکمل ہوچکے ہیں۔خط میں ابرار احمد صدیقی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پوسٹ الیکشن شکایت درج کراسکتے ہیں۔ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ ڈی ٹی او کی جانب سے جاری کردہ حکم امتناع ختم کردیا گیا ہے اور الیکشن 2001-12 کے کامیاب چیئر مین و دیگر ارکان آفس کے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔

Social Organization - فیڈریشن تاجروں میں اتحاد کیلئے کوشاں ہے‘ سینیٹر غلام علی

پاکستان فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ فیڈریشن ہر سطح پر تاجروں کے مسائل حل کرنے اور ان میں اتحاد و اتفاق پیداکرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں چھوٹے تاجروں سے بھی بھرپور تعاون کریں گے۔ وہ آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے وفد سے فیڈریشن ہاؤس میں بات چیت کررہے تھے جس نے مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب اعظم کراچی کے صدر محمود حامد اور عبدالماجد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اورکراچی میں چھوٹے تاجروں کے مسائل اور ان کی نمائندگی کے بارے میں آگاہ کیا ۔ محبوب اعظم نے کہاکہ اسمال ٹریڈرز کے بانی محمد عمر سیلیا نے فیڈریشن کے ساتھ مل کر طویل عرصہ تاجر مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی اورفیڈریشن نے بھی چھوٹے تاجروں کا بھرپور ساتھ دیا مگر اس وقت کچھ موقع پرست اور سیاسی گروپوں کے آلہ کار چھوٹے تاجروں کے نمائندہ بن کر فیڈریشن کے نام کو مس یوز کررہے ہیں ۔ایف پی سی سی آئی کے صدر نے اسمال ٹریڈرز کے نقطہ نظر کو توجہ سے سنا اور کہا کہ ہم ہر سطح پر انتشار نہیں اتفاق چاہتے ہیں فیڈریشن پورے پاکستان کے تاجروں کا نمائندہ ادارہ ہے اور ہمارا وژن یہ ہے کہ ملک میں ایسی پالیسیاں ترتیب دی جائیں جس سے معیشت کو فروغ حاصل ہو۔ہم کراچی میں چھوٹے تاجروں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور حقیقی نمائندہ افراد کو ہی آگے لائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تجارتی اداروں کو سیاسی جماعتوں اور گروپوں کے اثرات سے بالاتر ہوکر کام کرنا چاہیے ہم فیڈریشن کو اسی انداز سے چلائیں گے۔

ارڈویئر مرچنٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات، سید طارق رشید مرکزی وائس چیئرمین منتخب

کراچی (پ ر) پاکستان ہارڈ ویئر مرچنٹ ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں سید طارق رشید مرکزی وائس چیئرمین منتخب ہوگئے جس پر تاجروں اور ممبران نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے منتخب ارکان میں وسیم الظفر قادری، ندیم کشتی والا، شوکت اسماعیل، کاشف حنیف قادری، حافظ منصور، لاہور سے سردار عثمان غنی، شیخ احمد داوٴد، ذیشان خلیل، شیخ سکندر ریاض، محمد وسیم اور میاں طحٰہ ضمیر شامل ہیں۔